ریلوے کے سفرکو قابل اعتماد اور ترجیحی بنانیکیلئے کوششیں جاری ہیں، وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی

اتوار 25 مئی 2025 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کو جدید، قابل بھروسہ اور مسافروں کیلئے دوستانہ ذرائع آمدورفت میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔اتوار کومارگلہ ریلوے سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے کو قابل اعتماد اور ترجیحی سفر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے مجموعی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ مسافروں اور عملے سے براہ راست بات چیت کی۔ دورے کے دوران حنیف عباسی نے سٹیشن کے احاطے میں صفائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور عملے کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اسٹیشن حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حفظان صحت اور صفائی کے اعلیٰ معیارات کو مسلسل برقرار رکھا جائے۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے ذاتی طور پر پلیٹ فارم پر موجود ٹرین کی ہر کوچ کا معائنہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے مسافروں سے بات چیت بھی کی، ان کی شکایات اور ریلوے خدمات سے متعلق تجاویز کو توجہ سے سنا۔وفاقی وزیر نے ریلوے اہلکاروں کے ساتھ سروس کے معیار اور مختلف آپریشنل چیلنجوں کے بارے میں بات چیت کی۔انہوں نے مارگلہ سٹیشن کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔وفاقی وزیر نے مارگلہ سٹیشن پر تفریحی سہولیات متعارف کرانے کے منصوبوں کا اعلان کیا اور کہا کہ سٹیشن کے مستقبل کی ترقی کے حصے کے طور پر خصوصی طور پر ڈیزائن کئے گئے پبلک ریستوران بھی زیر غور ہیں۔