ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا چین میں 9 ویں سلک روڈ انٹرنیشنل ایکسپو کا دورہ

پیر 26 مئی 2025 13:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے دورہ چین کے دوران 9ویں سلک روڈ انٹرنیشنل ایکسپو کا دورہ کیا۔ انہوں نے نمائش میں مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور ایکسپو میں شریک بین الاقوامی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ڈپٹی چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفاع، توانائی، انفراسٹرکچر، مواصلات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نےکہا کہ چین-پاک اقتصادی راہداری نہ صرف دو طرفہ ترقی کا ضامن ہے بلکہ پورے خطے کے لیے اقتصادی انقلاب کا پیش خیمہ بھی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری، ادارہ جاتی تعاون، اور باہمی روابط کو مزید فروغ دے کر اس شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین نے نمائش کے اعلیٰ معیار اور چین کی ترقیاتی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے عالمی پلیٹ فارمز باہمی تعاون اور تجارتی روابط کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔