Live Updates

کل جماعتی حریت کانفرنس کابے گناہ لوگوں کو گرفتاراورہراساں کئے جانے پر اظہار تشویش

پیر 26 مئی 2025 15:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) بھارت کےغیرقانونی طورپر زیرتسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران بے گناہ لوگوں کو گرفتار اور ہراساں کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں نام نہاد آپریشن سندھور کے بعد اضافہ ہوا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے کشمیریوں پرمظالم ڈھانے کا سلسلہ تیز کردیاہے کیونکہ وہ بھارتی حکومت کے ہندوتوا بیانیے اورنام نہاد آپریشن سندھور کے بارے میں موقف کی حمایت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

قابض حکام نے کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ حریت ترجمان نے بھاری تعداد میں بھارتی فوجیوں ،ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کی تعیناتی پر سوال اٹھایا جس کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی اور دفعہ 370اور35Aسمیت اپنے حقوق کی بحالی کے مطالبے پر متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آزادی کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے لئے ہر ظالمانہ ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے تاہم کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ اور بڑی طاقتوں سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر خاموش تماشائی نہ بنیں کیونکہ ان کا فرض ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کو روکیں اور کشمیریوں کو اپنی مرضی کے مطابق بولنے کا حق دلانے کے لئے اپنا کرداراداکریں۔

حریت ترجمان نے کہاکہ 5اگست 2019کو دفعہ370اور 35اے کی منسوخی اوراس کے بعد بھارت کی ہندوتوا حکومت کی پالیسیوں نے ایک بحران پیدا کر دیا ہے جس سے علاقائی استحکام اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ترجمان نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کو رکوانے اور تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات