Live Updates

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے مابین ایم او یو بیرون ملک روزگار کے مواقع کی جانب اہم پیشرفت ہے، وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین

پیر 26 مئی 2025 22:33

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل  کے مابین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی) کے مابین ایم او یو کو پیشہ وارانہ تربیت اور بیرون ملک روزگار کے مواقع کی جانب اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی ملازمتوں کے حصول کے لئے درکار ہنر اور ثقافتی سمجھ بوجھ سے آراستہ کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (پی وی ٹی سی) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ شراکت داری ہمارے نوجوانوں کے لئے حقیقی راستے پیدا کرنے کے بارے میں ہے، ہم ایک فریم ورک کے تحت ٹریننگ اور پلیسمنٹ کو اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے ووکیشنل سنٹرز میں ہنر سیکھنے والے سرکاری، شفاف چینلز کے ذریعے بیرون ملک روزگار تلاش کر سکیں۔

اس ایم او یو کے تحت پی وی ٹی سی جاپان اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کے لئے تربیتی پروگرام پیش کرے گا جس میں زبان کی تعلیم اور ثقافتی واقفیت شامل ہے،او ای سی ان ٹرینیز کو حکومت سے حکومت کے لیبر موبلٹی پروگرام جیسے کہ ای پی ایس (کوریا)، ٹی آئی ٹی پی اور ایس ایس ڈبلیو (جاپان) کے تحت ملازمت کے مواقع سے منسلک کرکے ان کی مدد کرے گا۔وفاقی وزیر نے ایسے کارکنوں کو تیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جو نہ صرف تکنیکی طور پر ہنر مند ہوں بلکہ پیشہ ورانہ اور ثقافتی طور پر بھی بیرون ملک زندگی کے لئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آجر آج ایسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں جو مختلف کام کی جگہوں میں خود کو ڈھال سکیں، بات چیت اور ضم کر سکیں۔ انہوں نے افرادی قوت کی ترقی کے لئے مزید مربوط نقطہ نظر کی تعمیر پر وزارت کی وسیع تر توجہ پر بھی زور دیا، قابلیت کو بین الاقوامی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، ضوابط کو ہموار کرنے، اور ترقیاتی تنظیموں و غیر ملکی مشنوں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ صرف ایک اقدام نہیں ہے بلکہ یہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی کوششوں کو یکجا کر کے بیرون ممالک بھیجنے کے لئے ایک ایسی افرادی قوت کو تیار کرنا ہے جو  فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرے۔انہوں نے نوجوانوں کو مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے تربیت سے لے کر بیرون ملک تعیناتی تک ہر قدم پر ان کی حمایت کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات