Live Updates

انٹرمیڈیٹ امتحانات،صبح کی شفٹ میں سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل اور ہوم اکنامکس گروپس کے پرچے لیے گئے

پیر 26 مئی 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025 کے انیسویں روز صبح کی شفٹ میں سائنس پری انجینئرنگ، پری میڈیکل اور ہوم اکنامکس گروپس کے اردو(نارمل)پرچہ دوم، اردو(آسان)پرچہ دوم، اردو (N.M.T) پرچہ دوم،ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان پرچہ دوم اور سندھی پرچہ دوم لیے گئے۔

چیئرمین انٹربورڈ غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایات پر آڈٹ آفیسر زاہد لاکھو اور رکن کنٹرول روم کمیٹی پروفیسر سید عمران علی پر مشتمل ٹیم نے پریمیئر گورنمنٹ بوائز کالج نمبر ایک، بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیاجہاں نقل کے معاملات دیکھنے میں آئے۔ ٹیم نے امتحانی مرکز سے دونقل کے کیسز پکڑے جبکہ ایک شخص اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بلاک 6گلشن اقبال میں ویجی لینس افسر کی شکایت پر ناظم امتحانات زرینہ راشد نے سپر ویجی لینس ٹیم بھیجی جس نے امتحانی مرکز پر پہنچ کر شکایت رفع کی جبکہ پرچہ ختم ہونے تک ٹیم وہاں موجود رہی۔دریں اثنا صبح کی شفٹ میں پرچہ شروع ہونے کے بعد 9بجکر 10منٹ پر گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج نمبر ایک گلستان جوہر نزد شیخ زید سینٹر سے پرچہ لیک ہونے کی اطلاع ملی۔ کنٹرول روم کمیٹی نے فوری طور پر پرچہ لیک کرنے والے طالبعلم کی نشاندہی کی جسے امتحانی مرکز کی انتظامیہ نے پکڑلیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات