Live Updates

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کے عنوان پر سیشن کاانعقاد

پیر 26 مئی 2025 22:51

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کے عنوان پر سیشن منعقد ہوا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سیشن میں کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک و دیگر معززین، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔

سیشن کا محور نوجوانوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار،نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہ کرنا تھا۔ سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے یونیورسٹی کے طلبہ کو معیاری تعلیم، ہنرمندی اور جدید پروگراموں کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،جامعہ قراقرم انہیں قیادت اور اختراع کے لیے تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک نے وزیراعظم یوتھ پروگرام پر جامع روشنی ڈالی اور اس کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے فوائد بیان کئے۔ انہوں نے تعلیم، ہنرمندی، کاروباری مواقع اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ پر پروگرام کے فوکس کو اجاگر کیا۔ انہوں نے قومی نوعمر نوجوان پالیسی کی تشکیل پر بھی بات کی اور اسے نوجوانوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور ان کے لیے جامع مواقع پیدا کرنے کا ایک روڈ میپ قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ پالیسی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہمارے نوجوان قوم کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔ان سے قبل کے آئی یو کے پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس نے یونیورسٹی کے ان اقدامات پر روشنی ڈالی جو طلبہ کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سکی اکیڈمی کھیلوں اور سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی متنوع شعبوں میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

سیشن سے قبل ڈاکٹر محمد علی ملک نے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کے ہمراہ کے آئی یوسکی اکیڈمی کا دورہ کیا۔ جو ایڈونچر اسپورٹس اور سیاحت کو فروغ دینے کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ یہ اکیڈمی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے چل رہی ہے اور خطے کی منفرد صلاحیتوں کے ساتھ تعلیم کو مربوط کرنے کے جامعہ قراقرم کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔مشاورتی سیشن کے بعد چار مختلف مقامات پر انٹرایکٹوسیشن بھی ہوئے جہاں طلبہ اور معززین نے پالیسی سازی اور قومی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے خیالات کا تبادلہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات