Live Updates

کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ کے دفتر میں تقریب کا انعقاد

مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں ،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، شرکاء کا مطالبہ

پیر 26 مئی 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء))کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے تنازعہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کامطالبہ دہرایا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب جس کی صدارت کنوینر غلام محمد صفی نے کی ،بیرون ملک مقیم کشمیری رہنمائوںمحمد غالب،مزمل ایوب ٹھاکر اورظفر قریشی کے اعزاز میں منعقدہ کی گئی ۔

تقریب میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے موقف کو سراہا گیا اورمقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر پر تبادلہ خیال کیاگیا۔بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی کامیابی اور تاریخی کارکردگی پر پاکستانی حکومت ، عوام اور بالخصوص افواجِ پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ مسلہ کشمیر اسوقت ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے اوراس کو حل کرنے کے حوالے سے آواز یںبلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتِ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششیں مزید موثر اور تیز کرے گی۔ اس موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی، کشمیری مسلمانوں کی شناخت مٹانے کی مذموم کوششوں، غیر ریاستی باشندوں کی آبادکاری، آزادی پسند کشمیری عوام کے گھروں کو بارود سے اڑانے، جائیدادوں کی غیر قانونی ضبطی اورپہلگام واقعے کی آڑ میں ہزاروں کشمیری نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

مقررین نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول قائم کرکے شہری آزادیوں کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو ناقابلِ قبول ہے۔شرکا ء نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دنیا بھر کی آزادی پسند اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔

کشمیری قیادت نے خبردارکیا اگر مسئلہ کشمیر کے حل میں ماضی کی طرح غفلت یامزید تاخیرکی گئی تو جنوبی ایشیا ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے جس کے عالمی امن پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ، سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی،میر طاہر مسعود ،شمیم شال، محمد الطاف بٹ ،حاجی محمد سلطان، شیخ یعقوب،نثار مرزا، شیخ عبدالمتین، راجہ خادم حسین ،اعجاز رحمانی، جاوید اقبال،امتیاز وانی، زاہد صفی ،زاہد اشرف،شیخ عبدالماجد ،میاں مظفر، محمد شفیع ڈار، سید گلشن،عبدالمجید لون،عبدالمجید میر،خورشید میر،زاہد مجتبیٰ ،منظور احمد ڈار،عدیل مشتاق ، خالد شبیر، قاضی عمران،بلال احمد اور دیگر نے شرکت کی۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات