ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کریک ڈائون، 19کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

ْملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی

پیر 26 مئی 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)ملک بھر میں سمگلنگ کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران 19کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان کے مطابق انسداد منشیات فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9کامیاب کارروائیاں کیں جن میں 10ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ان کارروائیوں میں برآمد کی گئی منشیات کی مجموعی مالیت 19 کروڑ 14لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والی کنسائمنٹ کی تلاشی کے دوران کھیلوں کے سامان میں مہارت سے چھپائی گئی 850 گرام آئس برآمد کی گئی۔اسی طرح کراچی ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والے 2 مسافروں کے سامان کی چیکنگ کے دوران پشاوری چپلوں میں چھپائی گئی 548 گرام چرس پکڑی گئی اور دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شیر شاہ موٹر وے ٹول پلازہ، مظفر گڑھ کے قریب ایک گاڑی سے 12کلوگرام چرس اور 4800 مشکوک مائع سے بھری بوتلیں برآمد ہوئیں، جب کہ کوٹ عبد المالک انٹرچینج، موٹروے ٹول پلازہ پر ایک گاڑی سے 5کلوگرام آئس پکڑی گئی، جہاں سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ادھر اسلام آباد کے قریب سنجانی ٹول پلازہ پر ایک ٹرک کے خفیہ خانوں سے 3.6کلوگرام چرس اور 2کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، جس میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ناردرن بائی پاس، ایم ٹو پشاور کے قریب بھی ایک گاڑی سے 4کلو ہیروئن اور 1کلو آئس برآمد ہوئی، جب کہ اسی مقام پر ایک اور کارروائی میں 8.4 کلوگرام چرس ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے ملی اور ایک ملزم دھر لیا گیا۔اسلام آباد میں فیملی کورٹ کے قریب بیلہ روڈ G-10 پر ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جب کہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں ہزار گنجی کے پہاڑی علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 256 کلوگرام مارفین بھی برآمد ہوئی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جب کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ اس منظم نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔ترجمان اے این ایف نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔