پنجاب اوقاف آرگنائزیشن نے گذشتہ 3 سالوں میں بہترین فنانشل ڈسپلن اور گورننس سے تاریخ ساز ترقی کی

پیر 26 مئی 2025 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2025ء) محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پنجاب اوقاف آرگنائزیشن نے گذشتہ 3 سالوں میں بہترین فنانشل ڈسپلن اور گورننس سے تاریخ ساز ترقی کی اور محکمہ اوقاف کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پر گامزن ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ مالی بے ضابطگی کے حوالے سے مختلف سوشل میڈیا و اخبارات میں شائع شدہ خبریں بے بنیادہیں، حقائق یہ ہیں کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکام اکتوبر2018ء کے تحت پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کا سال 2015تا2018کا فرانزک آڈٹ کیا گیا۔

آڈٹ کا مقصد محکمہ میں مالی اخراجات کا قواعد و ضوابط کے تحت موثر استعمال اور محکمانہ آمدن میں اضافہ کے طریقہ کار کی نشاندہی کرناہے۔فرانزک آڈٹ سال2015تا2018 کے آڈٹ کے بعد 525 آڈٹ پیرا جات، ڈی جی آڈٹ کی طرف سے موصول ہوئے، جس کی پڑتال کا تمام ریکارڈ فراہم کردیا گیا، جس میں سے 124 پیراجات رفع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

باقی ماندہ آئندہ اجلاسز میں رفع کروائے جائیں گے۔

2015تا2018 کی ڈی جی آڈٹ کی رپورٹ کی روشنی میں پنجاب اوقاف آرگنائزیشن نے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کمرشل یونٹس کے کرایہ جات کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق اضافہ کیا، زرعی اراضیات کی جیومیپنگ کرتے ہوئے وقف ارضیات کے علاقہ ریٹس،اپنی سطح پر متعین کرتے ہوئے لیز کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ اس کے علاوہ پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کمرشل پالیسی مرتب کرتے ہوئے کمرشل سکیمز کا نیلام عام کرتے ہوئے محکمہ کی آمدن میں معقول اضافہ کیا۔

مزید یہ کہ پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کے زیر تحویل مزارات و مساجد کی تعمیر و مرمت بھی خطیر رقم سے عمل میں لائی جارہی ہے۔ فرانزک آڈٹ2015تا2018 کے آڈٹ پیراجات میں کسی قسم کی مالی و انتظامی امور میں کسی نوعیت کی کوئی مالی بے ضابطگی نہ ہوئی ہے۔ بلکہ فرانزک آڈٹ ’’Conclusion‘‘میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی مالی بے ضابطگی نہ ہوئی بلکہ صرف طریقہ کار میں کمی ہے۔ آڈٹ ٹیم نے مجموعی طور پر کارکردگی اور انتظامات کو بہتر بنانے کی تجویز دی ہے۔