بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ پراکسیز کی معاونت سے دہشتگرد کارروائیاں پھر بے نقاب

بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ،کالعدم تنظیموں کو تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کرتی ہیں، سیکیورٹی ذرائع

منگل 27 مئی 2025 03:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)فتنہ الہندوستان بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی سرپرست اعلی بن گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی معاونت سے دہشتگرد کارروائیاں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسیاں پراکسیز کو مالی معاونت فراہم کر تی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ پراکسیز نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کو تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کرتی ہیں، بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کے کالعدم تنظیموں کے علاج معالجے کیساتھ سرکاری روابط بھی قائم ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کیساتھ ساتھ بھارتی میڈیا بھی دہشتگردوں کی پشت پناہی میں پیش پیش رہا، پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں کی خبر سب سے پہلے بھارتی میڈیا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشتگردانہ حملے کی خبر بھارتی ذرائع ابلاغ کے اکائونٹس سے جاری ہوتی ہے جسے بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔بھارتی چینلز کے اینکرز نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کالعدم تنظیموں کا دفتر دہلی میں ہونا چاہیے، بھارتی حکومت ان کالعدم تنظیموں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کرے تاکہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور داخلی خودمختاری کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار اور بھارتی فوج نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔دفاعی ماہرین نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کا یہ رویہ نہ صرف علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی برادری ، فتنہ الہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔