یوم تکبیر کی اہمیت افواج پاکستان کے حالیہ آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں بڑھ گئی ہے‘ذیشان رفیق

نواز شریف نے بھارت کا خطے کا تھانیدار بننے کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا

منگل 27 مئی 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ آج (28 مئی) کے یوم تکبیر کی اہمیت افواج پاکستان کے حالیہ آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں بڑھ گئی ہے،سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کا خطے کا تھانیدار بننے کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ وزیر بلدیات نے یوم تکبیر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ 28 مئی کے جوہری دھماکے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں معاون ثابت ہوئے۔

موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسی پالیسی کا تسلسل جاری رکھا اور جراتمندانہ انداز میں فیصلے کئے۔ اسی پالیسی کے نتیجے میں افواج پاکستان نے 10 مئی کو دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگی حکمت عملی تاریخ کا سنہری باب بن گئی۔

(جاری ہے)

دشمن کو منہ کی کھانا پڑی اور بھارت کا جنگی جنون فرار کی راہیں ڈھونڈنے لگا۔

انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مسلح افواج نے مادر وطن کی بھرپور حفاظت یقینی بنائی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اللہ تعالی نے معرکہ حق میں پاکستان کو دنیا میں عزت دلائی جبکہ دشمن ہر محاذ پر بری طرح ذلیل و رسوا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے ملک کیلئے خطرہ دیکھ کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ وزیراعلی مریم نواز کی زیر قیادت پنجاب کے عوام کا مورال بلند رہا۔ ذیشان رفیق نے کہا ثابت ہوگیا کہ امن کے لئے مضبوط دفاع ناگزیر ہے۔ آئندہ دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے سے پہلے سو دفعہ سوچے گا۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد۔