دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا دن ’’یوم تکبیر ‘‘کل منایا جائے گا، عام تعطیل ہو گی

منگل 27 مئی 2025 15:02

دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا دن ’’یوم تکبیر ‘‘کل منایا جائے گا، عام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)1998 میں کل کے دن کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں قوم کل ( بدھ)27واں ’’یوم تکبیر ‘‘قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28مئی 1998ء کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔

(جاری ہے)

27برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم’’یوم تکبیر ‘‘کے نام سے یاد کرتے ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے ملک کے مختلف مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اس دن کو موضوع بنانے کے ساتھ پاکستان کی سلامتی ، ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔حالیہ پاک بھارت جنگ میں دشمن کے خلاف تاریخی فتح کی وجہ سے پاکستانی قوم امسال ’’ یوم تکبیر ‘‘ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں پر جوش طریقے سے منانے کے لئے پر عزم ہے ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ’’یوم تکبیر ‘‘ پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔