پنجاب حکومت کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے 10 گنا بڑھانے کا فیصلہ

کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر ان کے والدین کیخلاف مقدمات درج ہوں گے، ون ویلنگ یا خطرناک ڈرائیونگ پر بھی مقدمہ ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 14:40

پنجاب حکومت کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے 10 گنا بڑھانے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے 10 گنا بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹریفک نظام میں بہتری سے متعلق اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیے جانے والے جرمانے 10 گنا تک بڑھا دیئے جائیں گے، کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر ان کے والدین کو ذمہ دار ٹھہرا کر مقدمات درج کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر بھی اصولی اتفاق ہوا، بند یا خراب ہیڈ لائٹس کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ون ویلنگ یا خطرناک ڈرائیونگ پر بھی مقدمہ درج کیا جائے گا، ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری ثبوت منسلک کرنے کی ہدایت کردی گئی، شفافیت کے لیے ٹریفک وارڈنز کو ان کیمرہ چالان کا اختیار دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے گاڑیوں سے باہر خطرناک انداز میں لٹکتے سریے کو فوری طور پر روکنے اور ایسی گاڑیوں کو بند کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں بیدیاں اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کا حکم دیا گیا، اس موقع پر پنجاب کے 372 اور لاہور کے 77 پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر بھی غور ہوا، ٹریفک جام کی پیشگی نشاندہی کے لیے روڈ سائیڈ پر ڈیجیٹل سکرینز نصب کی جائیں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ اجلاس میں ٹریفک پولیس کی یونیفارم کی تبدیلی اور پانچ مختلف کیٹگریز میں تقسیم پر بھی غور کیا گیا، ش وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو جدید پٹرول گاڑیاں اور جدید ترین آلات فراہم کرنے کی منظوری بھی دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں خود نکل کر مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیتی ہوں لیکن ٹریفک کے نظام میں بہتری نظر نہیں آ رہی، ہمیں ٹھوس اور پائیدار اقدامات کرنا ہوں گے، ٹریفک حادثات کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے مؤثر اقدامات ہی کامیابی ہے۔