یوم تکبیر، پنجاب حکومت کا سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ

تمام سکولوں کو یوم تکبیر کی اہمیت پرتقریری مقابلے، آرٹس اورملی نغموں کے مقابلوں کی ہدایات، مارننگ اسمبلی میں سپیشل پروگرامز، پاک افواج کوخراج تحسین پیش کیا جائے گا ، محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیزکومراسلہ بھجوا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 27 مئی 2025 15:15

یوم تکبیر، پنجاب حکومت کا سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مئی 2025)پنجاب حکومت نے یوم تکبیر پر سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ ،سکول کھلے رکھنے کے حوالے سے محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیزکومراسلہ بھجوا دیا ، مارننگ اسمبلی میں سپیشل پروگرامز، پاک افواج کوخراج تحسین پیش کیا جائے گا، تمام سکولوں کو یوم تکبیر کی اہمیت پرتقریری مقابلے، آرٹس اورملی نغموں کے مقابلوں کی ہدایات کی گئیں ہیں۔

مراسلے کے مطابق تمام مقابلے تمام سرکاری سکول میں ضلعی سطح پر ہوں گے، ضلعی سطح پر مقابلے جیتنے والوں کو 50 ہزار انعام دیا جائے گا۔ یوم تکبیر کے پروگرامز کے بعد گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ترجمان وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ 28 مئی یوم تکبیر کی مناسبت سے سکولوں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

29 مئی سے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوگا۔

اس سے قبل پنجاب بھر میں 28 مئی سے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اب پنجاب حکومت نے یوم تکبیر کے موقع پر سکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ کل ملک بھر میں 28مئی کویوم تکبیرکو ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔28 مئی 2025 کو پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 27سال مکمل ہوجائینگے۔ حکومت نے28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کااعلان کر رکھا ہے ۔

یہ دن پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی یاد میں ہر سال منایا جاتا ہے۔یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔یومِ تکبیر کے موقع پر تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، اور بیشتر نجی ادارے بند رہیں گے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ یوم تکبیر کے حوالے سے ملک بھر میں مختلف سیمینارز اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ اس دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے جائینگے۔

27 برس قبل 28 مئی کو پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو “یوم تکبیر” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔یومِ تکبیر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے مظہر کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جب پاکستان نے 1998 میں کامیابی سے ایٹمی دھماکے کئے اور دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔