بھارت ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش میں مصروف ہے ،محمد طاہر کھوکھر

منگل 27 مئی 2025 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ بھارت روایتی جنگوں میں شکست کھانے کے بعد اب پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے خلاف ففتھ جنریشن وارکے خطرناک ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے دشمن ملک قوم کو مسلک، قومیت اور علاقائیت کی بنیاد پر تقسیم کر کے اندرونی خلفشار پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ پاکستان اور کشمیر کو معاشی سماجی اور سیکیورٹی کے لحاظ سے کمزور کیا جا سکے بھارت اپنی شکست کا بدلہ میدان جنگ کے بجائے سوشل میڈیا، جعلی خبروں، ذہنی پراپیگنڈے، اور داخلی تقسیم کے ذریعے لے رہا ہے دشمن کی چالیں واضح ہو چکی ہیں کہ وہ پاکستانی اور کشمیری قوم کو لسانی، مذہبی اور علاقائی بنیادوں پر بانٹ کر کمزور کرنا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب پاکستان دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر چکا ہے ملک دشمن عناصر دوبارہ سرگرم ہو چکے ہیں مختلف شہروں میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات سیکیورٹی فورسز پر حملے، اور سوشل میڈیا پر منظم طریقے سے پھیلایا جانے والا انتشار دشمن کی ان ہی چالوں کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

طاہر کھوکھر نے کہا کہ دشمن اب پاکستان میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پروپیگنڈا، افواہیں، اور قوم کو مذہب و مسلک کے نام پر بانٹنے کی مہم چلا رہا ہے یہ وہی دشمن ہے جو کشمیر میں لاکھوں مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنا چکا ہے اور اب پاکستان اور کشمیر کی عوام کے اتحاد سے خوفزدہ ہو کر نئے راستے اپنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج سیکیورٹی ادارے اور عوام نے گزشتہ دو دہائیوں میں بے شمار قربانیاں دے کر دہشت گردی کو شکست دی ہے طاہر کھوکھر نے اپیل کی کہ تمام طبقات، سیاسی جماعتیں، مذہبی قیادت، طلبہ، میڈیا، اور سوشل میڈیا صارفین اس وقت اتحاد اور شعور کا مظاہرہ کریں اور ان سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریںیہ وقت سیاست مسلک یا قومیت کی بنیاد پر تقسیم کا نہیں بلکہ قوم کے تحفظ اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کا ہے بھارت پاکستان کے اندر خلفشار اور بدامنی پھیلانے کی راہ پر گامزن ہے دشمن اب کسی بھی حد تک جا سکتا ہے تاکہ اپنی ہزیمت اور شرمندگی کو چھپایا جا سکے عوام اتحاد کا مظاہرہ کریںملک اورفوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ان تمام سازشوں کو ناکام بنائیں جو دشمن ملک کے خلاف کر رہا ہے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک، ریاست اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں اور دشمن کے ان جدید ہتھکنڈوں کا شعور اور یکجہتی سے مقابلہ کریں۔