28 مئی پاکستانی قوم کے فخر، قومی خودمختاری اور دفاعی صلاحیت کے مظہر کا دن ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

بدھ 28 مئی 2025 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستانی قوم کے فخر، قومی خودمختاری اور دفاعی صلاحیت کے مظہر کا دن ہے۔ یہ دن ہماری قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب پاکستان نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایک باوقار، جرات مندانہ اور تاریخی فیصلہ کیا۔یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ اپنے دفاع اور سلامتی کی ضمانت کے طور پر تیار کیا گیا۔

یہ دن اُن تمام محب وطن شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے قومی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ڈپٹی چیئرمین نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1998 میں بے پناہ بین الاقوامی دباؤ اور سیاسی چیلنجز کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھا اور ایٹمی دھماکوں کا جرات مندانہ فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ان کی قیادت اور قومی عزم نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف ہماری دفاعی طاقت کی علامت ہے بلکہ یہ دن ہمیں اتحاد، یکجہتی اور استقامت کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امتِ مسلمہ کے لیے بھی ایک مضبوط پیغام ہے کہ ایک پرعزم قوم اپنی خودمختاری کا تحفظ کر سکتی ہے۔سیدال خان نے افواجِ پاکستان، سائنسدانوں، انجینئرز، سیاسی قیادت اور ان تمام محب وطن افراد کا شکریہ ادا کیا جن کی شب و روز محنت سے آج پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو یہ شعور دینا ہوگا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امن کا ضامن ہے، اور ہم ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہیں جو خطے میں توازن اور استحکام کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ کریں گے۔