Live Updates

بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموںوکشمیر میں ایک مرتبہ پھر پوسٹر چسپاں

بدھ 28 مئی 2025 11:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموںوکشمیر میں ایک مرتبہ پھر پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں پاکستانی پرچم، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور رافیل سمیت دیگر بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستان کے J-10C لڑاکا طیارے کی تصاویر موجود ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسندتنظیموں کی طرف سے پوسٹر ”آپریشن بنیان مرصوس“ کے تناظر میں سری نگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر علاقوں میں دیواروں ، کھمبوں اور ستونوںوغیرہ پر چسپاں کیے گئے ہیں۔

پوسٹروں کے ذریعے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی بھر پور سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان اور افواج کا شکریہ ادا کیا گیا۔پوسٹروں میں لکھا ہے ”پاکستان زندہ باد،بھارتی فوجی جارحیت کیخلاف پاکستان کے منہ توڑ جواب نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں، پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس پاکستان کی مسلح افواج تعریف کی مستحق ہیں، پاکستان نے بھارت کی فوجی صلاحیت کا پول کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

"پوسٹروں میں مزید لکھا ہے کہ ”کشمیر ی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے ، پاکستان نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ناکام بنا دیے، خطے کے امن پسند ملکوں کو پاکستان کا مشکور ہونا چاہیے جس نے بھارت کے ناپاک منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔پوسٹرسماجی رابطوں کی سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات