Live Updates

کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کےلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے پر اتفاق

معیشت کو کیش لیس بنانے اور دستاویزی لین دین کو بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لازمی استعمال کی جانب بڑے اقدامات کئے جائیں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کو ڈیجیٹل اور کم نقدی پر مبنی معیشت میں منتقل کرنے کے اقدامات پر غور

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 11:41

کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کےلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)ملک میں کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کےلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے پر اتفاق ہوگیا،معیشت کو کیش لیس بنانے اور دستاویزی لین دین کو بڑھانے کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لازمی استعمال کی جانب بڑے اقدامات کئے جائیں گے،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کو ڈیجیٹل اور کم نقدی پر مبنی معیشت میں منتقل کرنے کے اقدامات پر غور ہوا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔ اجلاس میں ریٹیل، خدمات اور سرکاری لین دین کے شعبوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی آسان سہولت پر زور دیا گیا۔ شرکا نے راست پیمنٹ سسٹم کے ذریعے مربوط اورصارف دوست پلیٹ فارم کے قیام کی حمایت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل اور کم نقد پر مبنی نظام کی طرف لے جانے کے لیے ہونے والے اجلاس میں متعدد اقدامات کو حتمی شکل دی گئی، جنہیں وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے گا، ان کا مقصد ڈیجیٹل مالی خدمات تک رسائی میں اضافہ، ڈیجیٹل لین دین کے استعمال کی حوصلہ افزائی، اور روزمرہ کی معاشی سرگرمیوں میں نقد رقم پر انحصار کم کرنا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ کیلئے ان اقدامات کو بہتر بنایا جائے گا اب ڈیجیٹل ادائیگیوں کے اختیارات مختلف شعبوں میں وسیع پیمانے پر دستیاب اور قابل رسائی ہیںجن میں ریٹیل، سروسز، اور پبلک سیکٹر ٹرانزیکشنز شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اسکیم پورے ملک میں نافذ کی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نقد اور ڈیجیٹل لین دین کے درمیان مساوی مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، اور مراعاتی ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دینا چاہیے، تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیاں صارفین اور کاروبار دونوں کیلئے زیادہ پرکشش اور کم لاگت پر مبنی ہوں۔ڈیجیٹل لین دین کے بنیادی انفرااسٹرکچر سے منسلک لاگت کے ڈھانچے کو بہتر بنانا، بشمول مرچنٹ ایکوزیشن اور سروس فراہمی، ایک ترجیحی معاملہ تسلیم کیا گیا تاکہ خاص طور پر چھوٹے کاروباروں اور کمزور طبقوں تک وسیع رسائی ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن جدید مالی نظام کی بنیاد ہے ہمیں فوری اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ ایک ایسا ادائیگی نظام بنانا ہوگا، جو جامع، مربوط، اور ہر پاکستانی شہری کیلئے آسان ہو۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں کام کرنے والی ایک ٹیم نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کی جانے والی پالیسی تجاویز پر بات چیت کیلئے کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، ریگولیٹرز، اور صنعتی نمائندوں بشمول سیرامکس مینوفیکچررز اور اسٹیل پروڈیوسرز سے کئی ملاقاتیں کیں۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات