Live Updates

یومِ تکبیر کا دن پوری قوم کیلئے فخر، عزم اور خودداری کی علامت ہے، گورنر سندھ

بدھ 28 مئی 2025 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 28مئی کے ایٹمی دھماکوں کی گونج 10مئی کو دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے کی صورت میں سنائی دی، آج کا دن پوری قوم کیلئے فخر، عزم اور خودداری کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ تکبیر کی مناسبت سے بدھ کو گورنر ہائوس کراچی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے 28مئی 1998 کو ہونے والے ایٹمی دھماکوں کو پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ گورنر سندھ نے بھارت کی جانب سے 10مئی کو کی گئی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب دشمن نے ہمیں آزمایا، تو قوم کے جذبے اور اتحاد نے اسے حیران و پریشان کر دیاہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے قوم میں ایک نئی روح، نئی امید اور نیا حوصلہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

کامران خان ٹیسوری نے ایٹمی سائنسدانوں اور محب وطن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان عظیم شخصیات کو قدر و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایاہے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قوم کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتی، دشمن نے پاکستانی قوم کے اتحاد، ایمان اور قربانی کا عملی مظاہرہ دیکھ لیا ہے، اورجو قومیں یکجا ہوجائیں، ان سے دشمن کانپنے لگتاہے، ہمارے شہداء کے وارث آج بھی سربلند اور پرعزم ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

گورنر سندھ نے نوجوان نسل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جاننا چاہیے کہ وہ ایک خودمختار، باوقار اور طاقتور ریاست کے شہری ہیں، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں مکمل تحفظ اور آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات