Live Updates

حسن علی تینوں فارمیٹس میں 5 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے

بنگلادیش کے خلاف حسن علی نے 3.2 اوورز میں 30 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 مئی 2025 12:01

حسن علی تینوں فارمیٹس میں 5 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مئی 2025ء ) بنگلادیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹیں لے کر حسن علی نے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ 
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنگلادیش کیخلاف کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت مہمان ٹیم کو 37 رنز سے شکست دی۔ 
حسن علی نے 3.2 اوورز میں 30 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر اور تینوں فارمیٹس میں اننگز میں 5 شکار کرنے والے عمر گل کے بعد محض دوسرے پاکستانی باولر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

 
اس سے قبل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں عمر گل (2009ء میں نیوزی لینڈ، 2013ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف) ، سفیان مقیم (2024ء میں زمبابوے کے خلاف)، عماد وسیم (2016ء بمقابلہ ویسٹ انڈیز) یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پاکستان بمقابلہ بنگلادیش ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 37 رنز سے شکست دیدی۔ 
قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 202 رنز کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے کپتان لٹن داس 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جاکر علی 36، تنزید حسن 31، توحید ہردوئے 17، شریف الاسلام 5، شمیم حسین 4، پرویز حسین ایمان 4، رشاد حسین 4، مہدی حسن 2، تنظیم حسن ثاقب 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن محمود 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ 
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کی، شاداب خان نے 2 جبکہ فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سلمان آغا نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔ 
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان آغا 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاداب خان 48، حسن نواز 44، محمد حارث 31، خوشدل شاہ 5، فخر زمان 1 اور صائم ایوب 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 11 اور حسن علی 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 2 جبکہ شمیم حسین، حسن محمود، مہدی حسن، تنظیم حسن ثاقب اور رشاد حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات