Live Updates

پاکستان نے پہلا خود مختار گرین سکوک متعارف کرادیا

جمعرات 29 مئی 2025 17:33

پاکستان نے پہلا خود مختار گرین سکوک متعارف کرادیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء) حکومتِ پاکستان نے میزان بینک اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اسٹریٹجک تعاون سے ملک کا پہلا خود مختار گرین سکوک متعار ف کرایا ہے جو پائیدار اور شریعہ کے مطابق پبلک فنانسنگ میں اہم پیش رفت ہے۔سکوک کے اجراء میں میزان بینک نے مشترکہ مالیاتی اور شریعہ ایڈوائزر کے طورپرکلیدی کردار ادا کیا۔

مشاورتی ذمہ داریوںکے علاوہ بینک نے سسٹین ایبل انوسٹمنٹ (SI)سکوک فریم ورک کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیاجس کی منظوری وفاقی کابینہ نے اپریل 2025میںدی تھی۔یہ فریم ورک بین الاقوامی طریقوں سے ہم آہنگ اور اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs)اور مقاصدِ شریعہ (Maqasid-e-Shariah)دونوں کویکجا کرتاہے۔ مارکیٹ کی تیاری اور سرمایہ کاروں کی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے میزان بینک نے معلوماتی سیشنز اور ویبنارز کا انعقاد کیا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، مالیاتی اداروں اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور ای ایس جی پر مرکوز سرمایہ کاروںکو شرکت کی دعوت دی گئی۔

(جاری ہے)

میزان بینک نے دبئی اسلامک بینک، بینک اسلامی اور بینک الفلاح اسلامک کے ساتھ اشتراک کے ذریعے شرعی اصولوں کی تکمیل اور ٹرانزیکشنز کی سالمیت کویقینی بنایا۔ گرین سکوک کی لانچ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختراور میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی نے شرکت کی۔

30ارب روپے کے سکوک کے اجراء کو زبردست پذیرائی ملی اور صرف 2گھنٹے میں 5.4گنا سے زائد سبسکرپشن کے ساتھ 161ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ایشو کا سائز بڑھا کر 31.98 ارب روپے کردیا گیا۔یہ نیلامی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے کی گئی اور اسے وزارتِ خزانہ کی مکمل ملکیتی کمپنی پاکستان ڈومیسٹک سکوک کمپنی لمیٹڈ (PDSCL)نے انجام دیا۔

گرین سکوک اجارہ پر مبنی ایک تین سالہ سرمایہ کاری ہے جوششماہی کرایہ جاتی منافع آفر کرتی ہے۔ اسے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مکمل طورپرٹریڈ کیاجاسکتاہے اور اسٹیچوٹری لیکیوڈیٹی ریکوائرمنٹ (SLR)کیلئے بھی اہل ہے۔ کم سے کم 5ہزار روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ،سکوک کو ریٹیل سرمایہ کاروں ، اداروں اور رروشن ڈیجیٹل اکائونٹ ہولڈرز سمیت سرمایہ کاروں کیلئے بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کیلئے ڈیزائن کیا گیاہے۔

اس فنانسنگ سے گرین انفرااسٹرکچر منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی جن میں گارک اسٹوریج ڈیم خاران، نئی گاج ڈیم دادو اور 26میگاواٹ کا شگرتھنگ ہائیڈرو پراجیکٹ اسکردو شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد آبی وسائل کے انتظام کو بہتر بنانا، قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت میں اضافہ اور زیرِ آب علاقوں میں موسمیاتی ریزیلنس کو مضبوط بناناہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات