اسلام آباد سے غیرملکی کی لاش برآمد، کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا

غیرملکی شہری کی موت کے حوالے سے کوئی بھی حتمی بات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی پتا چلے گی؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 اگست 2025 10:05

اسلام آباد سے غیرملکی کی لاش برآمد، کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے غیرملکی شہری کی لاش برآمد ہوئی جو اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 13 میں تھانہ شمس کالونی کی حدود سے ایک غیر ملکی شہری کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت نائجیریا سے تعلق رکھنے والے جوئیل وکٹر کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہری کی موت ممکنہ طور پر گرنے اور سر پر چوٹ لگنے کے باعث ہوئی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی بات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی پتا چلے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے جوئیل وکٹر کی لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اس کے علاوہ متوفی کے سفارتی حکام سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے، واقعے کی نوعیت پراسرار قرار دی جا رہی ہے اور پولیس تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کوئی حادثہ تھا یا کسی اور وجہ سے غیر ملکی شہری کی موت ہوئی۔

(جاری ہے)

ادھر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی مہمان کے دورے کے دوران شہریوں کی نقل و حمل کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی مہمان کے دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر کے اہم علاقوں میں ٹریفک کے انتظامات میں عارضی تبدیلیاں کی ہیں، سرینا ہوٹل کے فرنٹ سائیڈ روڈ کو تاحکمِ ثانی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ایڈوائزری سے معلوم ہوا ہے کہ سرینا ہوٹل اور ریڈ زون جانے والی ٹریفک کے لیے کشمیر چوک سے بائیں مڑ کر سیونتھ ایونیو اور ایمبیسی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، آبپارہ سے آنے والی ٹریفک کو سہروردی روڈ، ایمبیسی روڈ، نادرا چوک اور ریڈیو پاکستان چوک کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھنے کا کہا گیا ہے، سری نگر ہائی وے سے آنے والی ٹریفک کو ایمبیسی روڈ اور نادرا چوک کے راستے سرینا ہوٹل یا ریڈ زون جانے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ایڈوائزری میں کہنا ہے کہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے اپنے اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے، مزید معلومات کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں یا اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کرسکتے ہیں، ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ دی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ غیرملکی مہمان کے دورے کے دوران ٹریفک کے نظام کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے، عارضی تبدیلیوں کے باعث ممکنہ تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔