موسم کے نئے سلسلے کے باعث ملک بھر میں طوفان، ژالہ باری، تیزہواؤں اور شدید بارشوں کا امکان

تیزہواؤں اور طوفان کے دوران درختوں، بل بورڈز، کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور سولرپینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا عوام محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 مئی 2025 21:07

موسم کے نئے سلسلے کے باعث ملک بھر میں طوفان، ژالہ باری، تیزہواؤں اور ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 مئی 2025ء ) این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال طوفان، ژالہ باری، تیزہواؤں اور شدید بارشوں سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، موسم کے نئے سلسلے کے باعث ملک بھر میں طوفان، تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔ آج شام 6 بجے سے رات 11 بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی طوفان اور موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔

خیبر پختونخواہ، شمالی پنجاب اور جنوب مشرقی پنجاب میں ژالہ باری، آندھی اورشدید بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ میں پشاور، چاسدہ، صوابی اور مردان، جنوبی پنجاب میں رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں شدید بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں مظفرآباد اور وادی نیلم میں بھی آندھی، طوفان اور شدید بارش متوقع ، اسی طرح آزا د کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کاباعث بن سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ عوام سے التماس ہے کہ طوفان اور شدید بارش کے دوران محتاط رہیں، کے خطرے سے دوچار علاقوں میں بارش کے دوران سفر سے گریز کریں۔ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، درختوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ متوقع موسمی صورتحال کے دوران کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔