
پاکستان: کم عمری کی شادیوں کے خلاف یونیسف کی آگہی مہم کا آغاز
یو این
جمعرات 29 مئی 2025
22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 29 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف)نے پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کی فوری ضرورت کو اُجاگر کرنے کے لیے اپنی قومی سفیر، اداکارہ صبا قمر کے ساتھ ایک ویڈیو مہم کا آغاز کیا ہے جس کےذریعے لوگوں کو اس نقصان دہ رواج کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی جائے گی۔
صبا قمر اس مہم میں لڑکیوں کے مستقبل پر کم عمری کی شادی کے منفی اثرات کے بارے میں آگاہی بیدار کرنے کے ساتھ بچوں کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی بچے کو ایسی شادی پر یا ایسی زندگی اپنانے پر کیسے مجبور کیا جا سکتا ہے جو خود اس کا انتخاب نہ ہو؟ بچوں کی صحت اور تعلیم کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
(جاری ہے)
صبا قمر نے بتایا کہ گزشتہ سال انہوں نے صوبہ سندھ کے شہر سجاول میں کم عمری کی شادی کے اثرات کا خود مشاہدہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے یونیسف کے کام کو بھی دیکھا۔ وہاں ان کی ملاقات 14 سالہ انعم نذیر جیسی باہمت لڑکیوں سے ہوئی، جنہوں نے اپنے علاقے میں تین لڑکیوں کی کم عمری میں شادیوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس مہم کا حصہ بننے پر فخر ہے کیونکہ وہ ان تمام لڑکیوں اور لڑکوں کی آواز بن سکتی ہیں جو کم عمری میں شادی کے باعث خاموشی سے مشکلات سہتے رہتے ہیں۔
نوعمری کی شادی کے نقصانات
کم عمری کی شادیوں کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے جہاں اندازاً 1.9 کروڑ لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو چکی ہے۔
ان میں سے تقریباً نصف 18 سال کی عمر سے پہلے ماں بن جاتی ہیں جس سے ماں اور بچے دونوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔جن لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو جاتی ہیں ان میں صرف 13 فیصد ہی ثانوی تعلیم مکمل کر پاتی ہیں جبکہ غیر شادی شدہ لڑکیوں میں یہ شرح 44 فیصد ہے۔ اس طرح نوعمری کی شادی لڑکیوں کو خودمختاری اور ترقی کے مواقع سے محروم کر دیتی ہے۔
پاکستان میں یونیسف کے سربراہ عبداللہ فاضل نے اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات قابل قبول نہیں کہ ایک بچہ جن حالات میں پیدا ہو وہی اس کے پورے مستقبل کا تعین کریں۔ کم عمری کی شادی عموماً غربت کا نتیجہ ہوتی ہے لیکن اس کی جڑیں صنفی رویوں اور سماجی توقعات میں بھی پیوست ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے قانونی اصلاحات، ان پر عمل درآمد، سماجی رویوں میں تبدیلی اور نوعمر لڑکیوں کے حقوق، بہبود اور صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
جب تک پاکستان کی نصف آبادی عملی زندگی سے خارج رہے گی اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔یونیسف کے اقدامات
یونیسف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شادی کی کم از کم عمر کو 18 سال مقرر کرنے کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جو سندھ کے بعد یہ قانون بنانے والا دوسرا علاقہ ہے۔ ادارے نے دیگر صوبوں اور علاقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی اس مثال کی پیروی کریں۔
یونیسف کی شروع کردہ ویڈیو مہم اس مسئلے کی جانب توجہ دلانے اور انہیں حل کرنے کے لیے ادارے کی وسیع تر سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے)، یو این ویمن اور حکومتی شراکت داروں کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔
ان میں تمام صوبوں میں شادی کی کم از کم قانونی عمر 18 سال تک بڑھانا، والدین، سرپرستوں اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مکالمے اور BOLO (بولو) جیسی ابلاغی مہمات کے ذریعے لوگوں کا تعاون حاصل کرنا، لڑکیوں کی قیادت میں مہمات اور مسئلے کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی خاص طور پر اہم ہیں۔
عبداللہ فاضل کا کہنا ہے کہ صبا قمر بچوں کے حقوق کی نمایاں علمبردار ہیں۔ یونیسف کو ان کے تعاون سے ایسی مشکلات کو اجاگر کرنے پر فخر ہے جن کا سامنا بہت سے بچوں کو کرنا پڑتا ہے۔ ادارہ ایسے مستقبل کی جانب تیزی سے پیش رفت کے لیے پرعزم ہیں، جہاں ہر بچہ بالخصوص ہر لڑکی، سیکھے، آگے بڑھے اور ترقی کر سکے۔

مزید اہم خبریں
-
حکومت عوام کو عید کا تحفہ دینے کیلئے تیار
-
قومیں میزائل اور بم سے نہیں فتنے کی وجہ سے تباہ ہوتی ہیں
-
غزہ: سلامتی کونسل غیر انسانی اسرائیلی اقدامات پر کارروائی کرے، عرب گروپ
-
پاکستان کو کبھی بھی دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا، بھارتی بلا اشتعال جارحیت خطرناک رجحان ہے
-
پارلیمنٹ کا 18 سال سے کم عمر شادی کو غیر قانونی قرار دینے کا بل غیر شرعی ہے
-
یو این امدادی کوششوں میں اسرائیلی رکاوٹوں سے غزہ میں بھوک کا راج
-
عمران خان کی ضمانت کافی الحال امکان نہیں، پچھلے ہفتے کے بیانات نے معاملہ گڑبڑ کردیا
-
سیاسی لیڈرشپ 4، 5لاکھ بندہ اکٹھا کرنے کی عمران خان کو غلط معلومات دے رہی ہے
-
پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی ٹیرف پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا
-
وزارت خزانہ کی رپورٹ نے معاشی بہتری کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی
-
مہنگائی میں کمی کے دعووں کے باوجود خوراک کی قیمتوں میں مزید اضافہ
-
سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک کیلیے "ورک ویزا" معطل کر دیئے
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.