Live Updates

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کرپٹو کونسل کا اعلیٰ سطح کا اجلاس 2 جون کو ہو گا

جمعہ 30 مئی 2025 17:03

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب  کی زیر صدارت  پاکستان کرپٹو کونسل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) پاکستان کرپٹو کونسل کا اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر، 2 جون 2025 کو وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہو گا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو کے وسیع تر منظرنامہ سے متعلق بڑھتے ہوئے ضابطہ جاتی اور قانونی ڈھانچے پر غور و خوض کے لئے سٹریٹجک فورم کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت و وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو بلال بن ثاقب بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کرپٹو کونسل کے خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ، سیکرٹری قانون و انصاف ڈویژن اور سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے اہم نکات میں پاکستان میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لئے ایک مضبوط ضابطہ جاتی فریم ورک کی تیاری شامل ہے جو عالمی معیارات اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق ہو گا۔ اجلاس میں ایک اہم موضوع پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لئے ابتدائی اقدامات پر غور ہو گا ،یہ ایک مجوزہ خودمختار ادارہ ہو گا جو ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو ایکو سسٹم کی نگرانی کرے گا۔

کونسل کا مقصد ایک محفوظ، شفاف اور اختراع دوست ضابطہ جاتی ماحول کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کو ذمہ داری سے اپنانے، سرمایہ کاروں کے تحفظ، اور مالی شمولیت کے فروغ کو ممکن بنایا جا سکے۔یہ اجلاس پاکستان میں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مالیاتی ڈھانچے کو فروغ دینے، ڈیجیٹل معیشت میں استحکام اور ضابطوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے حکومتی عزم کا عکاس ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات