Live Updates

ھ*سیاحوں کے تحفظ و سہولت کیلئے ملکہ کوہسار مری میں سمارٹ سیف سٹی مکمل طور پر آپریشنل

م*وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد سمارٹ سیف سٹی مری کا باقاعدہ افتتاح کریں گی

جمعہ 30 مئی 2025 19:25

: لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ "سمارٹ سیف سٹی مری" منصوبہ مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔.وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد سمارٹ سیف سٹی مری کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔تفصیلات کے مطابق مری کے مختلف داخلی و خارجی راستوں، اہم مقامات اور سیاحتی پوائنٹس پر 170 سے زائد جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو 24/7 سرویلنس کو یقینی بنا رہے ہیں۔

مری سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ میں 15 ایمرجنسی پینک بٹنز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا سکے جبکہ مختلف مقامات پر ماحولیاتی سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو موسم، دھند، درجہ حرارت اور آلودگی کی سطح پر مسلسل نظر رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

عوامی سہولت اور مؤثر نگرانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مقامی پولیس کو جدید باڈی کیمز اور ڈرون بھی فراہم کیا گیا ہے سیاحوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے فری وائی فائی ہاٹ سپاٹس بھی مختلف مقامات پر مکمل طور پر فعال کیے جا چکے ہیں، تاکہ سیاح آسانی سے معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں اور ہنگامی حالات میں فوری رابطہ ممکن ہو۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق، نصب شدہ کیمرے نہ صرف مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تعداد اور نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے بلکہ انٹیلیجنٹ ٹریفک منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔مری جانے والے سیاح، مقامی انتظامیہ اور سیف سٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، تاکہ نہ صرف اپنی بلکہ دیگر افراد کی حفاظت بھی یقینی بنائی جا سکے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری فوری طور پر پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔ یہ منصوبہ پنجاب میں ٹیکنالوجی بیسڈ سمارٹ گورننس اور سیاحتی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نہ صرف سیکیورٹی کو یقینی بناتا ہے بلکہ جدید پاکستان کے وژن کی عملی تعبیر بھی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات