Live Updates

چاول کی پیداوار میں اضافہ ،زرعی تحقیقاتی ادارہ ڈیرہ میں کامیاب تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 30 مئی 2025 20:20

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام چاول کی پیداوار میں اضافہ کے تحت پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے زیر ِاہتمام زرعی تحقیقاتی ادارہ ڈیرہ میں کامیاب ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد کسانوں کو چاول کی کاشت میں جدید طریقہ کار، محفوظ زرعی ادویات، اور مشینی کاشتکاری سے متعلق جدید معلومات فراہم کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر پیرزادہ محمد ارشد سلیم، ڈائریکٹر جنرل، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن، PARCتھے، جنہوں نے حکومتی سطح پر زراعت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا اور تحقیق و ترقی کو کاشتکاروں تک منتقل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ورکشاپ میں ممتاز ماہرین نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دئیے، ڈائریکٹر ARI عبدالقیوم خان نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

کاشان قریشی فارم منیجر نے ادارے کا تعارف پیش کیا اور اس کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔ صبغت اللہ علیزئی انچارج PSDPرائس/ریسرچ آفیسر نے چاول کی فصل میں زرعی طریقہ کار اور مشینی کاشت کے عملی پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عدیل احمد لیکچرار جامعہ ڈیرہ اسماعیل خان (UAD)نے زمین کی صحت اور اس کے موثر انتظام پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈاکٹر عابد مجید ستی پروگرام لیڈر CSI، NARC، PARC، نے PARCکی نئی اقسام متعارف کرائیں اور ان کے فوائد بیان کیے۔

ڈاکٹر ملک عتیق ، انچارج فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن محکمہ(FSC & RD)، نے دھان کے بیجوں کے معیار اور سرٹیفیکیشن کے نظام پر روشنی ڈالی۔ ملک رضوان فاروق ، ڈپٹی مینیجر، FFCنے کھادوں کے مور استعمال پر ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے چاول کی پیداوار میں بہتری لائیں گے۔ اس تقریب نے کسانوں کو نہ صرف معلوماتی لیکچرز سے مستفید کیا بلکہ انہیں ماہرین سے براہِ راست سوالات کرنے اور اپنی عملی مشکلات پر مشورے لینے کا موقع بھی فراہم کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات