Live Updates

پی آئی اے کی نجکاری کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں19جون تک توسیع کر دی گئی

سرمایہ کاروں کے مطمئن ہونے پر دو ماہ کے اندر بولی کروا دی جائے گی،سیکرٹری نجکاری

جمعہ 30 مئی 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں 19جون تک توسیع کردی گئی جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری نے پاکستان پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے فنڈز روکنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خزانہ کو معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کردی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بتایاکہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے مطمئن ہونے کی صورت میں بولی دو ماہ کے اندر کروا دی جائے گی ، کمیٹی کو پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے حکام نے بتایا کہ دو ہزار اکیس میں فیٹف شرائط کے تحت پوسٹل لائف انشورنس فنڈ کو وزارت خزانہ کو منتقل کر دیا گیا اور ایک نئی پاکستان پوسٹل لائف انشورنس کمپنی قائم کی گئی جس کیلئے حکومت نے اڑتالیس ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔

(جاری ہے)

کمپنی حکام نے کہاکہ وزارت خزانہ نے گزشتہ چار مالی سال میں سات ارب روپے جاری کیے ہیں جبکہ کمپنی کے واجبات بڑھ کرتینتالیس ارب روپے پر پہنچ گئے ہیں کمپنی کے دو لاکھ سے زیادہ کلائنٹس ہیں جن کو چار سال سے پنشن کی ادائیگی نہیں کی جا رہی وزارت خزانہ رقم پر منافع بھی کمپنی کو نہیں دے رہی ۔ رکن کمیٹی خواجہ شیراز محمود نے کہاکہ وزیر خزانہ کو رقم کی فوری ادائیگی کیلئے خط لکھا جائے ۔ انکی تجویز کی کمیٹی نے متفقہ حمایت کر دی کمیٹی کو بتایا گیاکہ پیسکو کے نقصانات پینتیس فیصد جبکہ حیسکو کے تینتالیس فیصد ہیں ۔ کمیٹی نے دونوں کمپنیوں کو نجکاری سے پہلے منافع بخش بنانے کی ہدایت کر دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات