Live Updates
پاکستان کی بہادر اور غیور افواج نے ڈیڑھ گھنٹے میں کایا پلٹ دی ، مودی کا غرور خاک میں مل گیا، عبد العلیم خان کا کنونشن سے خطاب
ہفتہ 31 مئی 2025
01:20
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) استحکام پاکستان پاٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اُس دشمن کے خلاف فتح دلوائی ہے جس نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا، بھارت نے رات کی تاریکی میں ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاکر مودی کو وہ جواب دیا جسے اُس کی دس نسلیں بھی یاد رکھیں گی- ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور پاک بھارت معرکے میں شاندار فتح پر پاک فضائیہ، بری و بحری افواج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کے زیر اہتمام خوشاب میں "معرکہ حق کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا - وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اُس دشمن کے خلاف فتح دلوائی ہے جس نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں ہمارے معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا اور جو سب سے پہلی شہادت ہوئی وہ ہمارے فوجی کے معصوم بیٹے کی ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے سب سے پہلے فجر کی امامت کرائی اور اللہ اکبر کے نعرہ لگانے کے بعد مودی کو وہ جواب دیا جسے اُس کی دس نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی انتظامیہ نے پوری دنیا کے سامنے معافیاں مانگنا شروع کر دیں اور اُس کا گھمنڈ خاک میں مل گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف سٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دینا چاہتے ہیں جنہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ائیر چیف نے ڈیڑھ گھنٹے میں دشمن کے 6 جہاز اُس کی زمین پر مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بری، بحری اور فضائیہ نے سر دھڑ کی بازی لگائی ہے، پاکستانی فوج اور عوام ایک ہیں، جب بھی دشمن میلی آنکھ سے دیکھے گا ہم سب مل کر دفاع کریں گے،فوج کے ساتھ ہم سب اکھٹے ہیں، دشمن کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کے لئے قربانی دیں گے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہماری اتنی دھاک بیٹھی ہے کہ رافیل کے ریٹ گر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے پنڈال میں چین، ترکیہ اور آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا سپہ سالار صرف پاکستان کا نہیں بلکہ سارے عالم اسلام کا سپہ سالار ہے، ہم نے اسرائیل کو بھی پیغام دیا ہے کہ ہم پاکستان ہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ10مئی کے دن مودی کی بڑھکیں، اُس کا فوج اور پیسے کا غرور خاک میں مل گیا، پاکستان نے دشمن کے رافیل طیارے اُسی کی اپنی زمین پر گرائے۔
انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ! پاکستان کی بہادر اور غیور افواج نے ڈیڑھ گھنٹے میں کایا پلٹ دی اور اُس کے بعد ہر پاکستانی فخر اور مسرت محسوس کر رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ ساری قوم متحد اور سارا پاکستان اکٹھا ہے، آج سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کے باعث کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی قوت ہونے کے ناطے سارے عالم اسلام کی جنگ لڑی، عبدالعلیم خان نے خوشاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی قریہ قریہ پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے، ہم نے پہلا کنونشن لیہ میں کیا اور اب خوشاب کے بعد کامونکی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے عوام استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی غیور افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کریں گے۔
اس موقع پر استحکام پاکستان کے ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری انجینئر گل اصغر بگھور، آئی پی پی خوشاب کے صدر و ٹکٹ ہولڈر امیر حیدر سنگھا، استحکام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، ممبران پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی، غضنفر عباس چھینہ، پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان،نائب صدر میاں جنید ذوالفقار،سابق وزیر داخلہ ملک حبیب خان، صدر جنوبی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی، ہارون عمران گل،خرم حمید روکھڑی،محترمہ قدرت نیازی اور دیگر مقررین نے عبدالعلیم خان کے معرکہ حق کنونشن منعقد کرنے کے فیصلے کو بروقت اور شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ 25کروڑ عوام ثابت کر رہے ہیں کہ وہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر این اے 88 خوشاب سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ شہریوں نے آدھی کوٹ، نور پور تھل میں آمد پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا اور پاک افواج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔پنڈال میں استحکام پاکستان پارٹی کے کارکنوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ چین، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات