جنگی جنون میں مبتلا بھارت فرضی مشقیں کر رہا ہے

ہفتہ 31 مئی 2025 11:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) بھارت مقبوضہ جموںوکشمیرکے علاوہ پنجاب، راجستھان، گجرات، ہریانہ اور چندی گڑھ میں جنگی مشقیں کر رہا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشقیں مقبوضہ جموں وکشمیر کے تمام اضلاع اور پاکستان سے ملحقہ ریاستوں میں کی جائیں گی۔ یہ مشقیں جنگ کے وقت کی اصل کارروائیوں سے ملتی جلتی ہوں گی۔ سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور سائرن کو معمول کی حفاظتی مشق کا حصہ سمجھیں جس کا مقصد آپریشنل تیاری کی جانچ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ مشقوں میں مرکزی کنٹرول والے فضائی حملے کے سائرن کو چالو کرنا، شہری علاقوں میں بلیک آئوٹ پروٹوکول کا نفاذ اور ڈرون حملے کی صورت میں فوجی سٹیشنوں سے خاندانوں کا فرضی انخلاءشامل ہے۔قبل ازیں اس طرح کی مشقیں 7 مئی کوکی گئی تھیں۔ مبصرین نے بھارت کی فوجی سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے علاقے میں کشیدگی بڑھے گی۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے بھر پور اور کامیاب جوابی حملے سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اشتعال انگیز اقدامات کر رہا ہے۔