Live Updates

سعودیہ کا ایران پر امریکا کیساتھ جوہری معاہدہ پر زور، اسرائیلی حملے سے بھی خبردار کردیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوہری مذاکرات کو طول دینا نہیں چاہتے اس لیے ایران کو فیصلہ جلد کرنا ہوگا،سعودی وزیردفاع

ہفتہ 31 مئی 2025 14:55

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)سعودی عرب نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات پر معاہدے کو حتمی شکل دیدے بصورت دیگر اسرائیل سے جنگ کا خطرہ مول لے۔عالمی خبر رساں اداریکے مطابق یہ بات سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان نے گزشتہ ماہ ایران کے دورے پر اعلی قیادت کے ساتھ ملاقات میں کہی تھی۔

اس ملاقات میں سعودی وزیر دفاع نے ایرانی حکام کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پیش کردہ جوہری معاہدے کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیں۔ سعودی وزیر دفاع نے اس بات پر بھی خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات ناکام ہوگئے تو ایران کو اسرائیل کے حملے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انھوں نے ایرانی قیادت کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جوہری مذاکرات کو طول دینا نہیں چاہتے اس لیے ایران کو فیصلہ جلد کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

شہزادہ خالد بن سلمان نے مزید کہا کہ اگر ایران نے جلد فیصلہ نہیں کیا تو اسرائیل کے حملے کے لیے تیار رہے اور خطہ پہلے ہی 7 اکتوبر 2023 سے جنگ کی لپیٹ میں ہے اور مزید کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔خلیجی ذرائع اور ایرانی حکام کے مطابق یہ پیغام دراصل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا تھا۔جنھوں نے اپنے بیٹے وزیر دفاع خالد بن سلمان کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے پاس یہ پیغام لے کر بھیجا تھا۔یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہے ہے کہ دراصل یہ پیغام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہے جنھوں نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز سے ایران کو راضی کرنے کے لیے کہا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات