چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد

ہفتہ 31 مئی 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ارشد ندیم کو جنوبی کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شاباش ارشد ندیم شاباش ہمیں آپ پر ناز ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں،ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے اور آج انہوں نے ایک بار پھر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے،ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے،تاریخی کامیابی پر ہر پاکستانی مسرور ہے اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت بیٹے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں پاکستان کا نام روشن کرکے سب کے دل جیت لیے ہیں،بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیت کر قومی پرچم کو بلند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔