Live Updates

یومِ تکبیر اللہ تعالی کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم طاقت و نعمت کی یاد اور تجدیدِ عہد و وفاکا دن ہے، مقررین

ہفتہ 31 مئی 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) انٹر نیشنل ختم نبوت مو ومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج،مولانا عبدالرؤف مکی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے نےکہا ہے کہ28 مئی 1998 ءکا دن تاریخِ پاکستان میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا جب پاکستان نے ہندوستان کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے واحد ایٹمی اسلامی ملک اور ایٹمی طاقت بن کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ایک آزاد، خودمختار اور ناقابلِ تسخیر قوم ہیں۔

یومِ تکبیر اور استحکام پاکستان کے عنوان پر منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ کامیابی اچانک حاصل نہیں ہوئی بلکہ اس کے پیچھے کئی دہائیوں پر محیط قربانیوں،عزم و ہمت اور انتھک محنت کی طویل داستان اور سابق وز یراعظم ذوالفقار علی بھٹو ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان اوراس وقت کے وز یراعظم محمد نواز شریف جیسی عظیم شخصیات کا بنیادی کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں تمام تر عالمی دباؤ اورہتھکنڈوں کے باوجود 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں اللہ اکبر کی صداؤں کے ساتھ 6 ایٹمی دھماکے کر کے دشمنوں کو بتا دیا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر اللہ تعالی کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم طاقت و نعمت کی یاد اور تجدیدِ عہد و وفاکا دن ہے ۔

یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر قوم متحد، قیادت مخلص اور سائنسدان محنتی ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہماری کامیابی کو نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم عزم کریں کہ اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے ساتھ سا تھ اپنی سائنس و ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دیتے ہوئے ان عظیم شخصیات کے مشن کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔ ان تقریبات سے مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،معاون خصوصی امیر مرکزیہ مولانا محمد بن سعید، مرکزی ترجمان مولانا مجیب الرحمن،مولانا قاری محمد طیب عباسی، مولانا محمدامداد اللہ قاسمی، مولانا قاری شبیر احمد عثمانی،مولانا قاری محمدرفیق وجھوی،مولانا افتخاراللہ شاکر اور مولانا غلام یاسین صدیقی نے بھی خطاب کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات