پاکستان سمیت دنیا بھر میں والدین کا عالمی دن منایا گیا

عالمی یوم والدین ہر سال یکم جون کو اقوام متحدہ کے زیراہتمام منایا جاتا ہے، جس کا آغاز 2012 میں کیا گیا تھا

اتوار 1 جون 2025 12:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء) والدین اس دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوار کووالدین کا عالمی دن منایا گیا۔ عالمی یوم والدین ہر سال یکم جون کو اقوام متحدہ کے زیراہتمام منایا جاتا ہے، جس کا آغاز 2012 میں کیا گیا تھا، اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی بہتر تربیت، کردار سازی اور ایک مثالی معاشرے کی تشکیل میں والدین کے لازوال کردار کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،والدین کی عظمت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اور اولاد کے لئے والدین کی خدمت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں لیکن وہیں کچھ بد قسمت بچے ایسے بھی ہیں جو اپنے والدین کی خدمت کو بوجھ سمجھتے ہیں۔

جن بچوں کی ایک چھوٹی سی تکلیف والدین کو بے چین کر دیتی ہے وہی بچے والدین کے بڑھاپے میں ان کی بیماری سے تنگ آ کر انہیں اکیلا چھوڑ دیتے ہیں، والدین کی قدرکیجئے ان سے محبت کیجئے، یہ وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے اولاد کی خاطر اپنا سکھ آرام سب قربان کر ڈالا تھا۔

(جاری ہے)

ماہرین سماجیات کے مطابق والدین نہ صرف بچوں کی ابتدائی تربیت کا مرکز ہوتے ہیں بلکہ ان کے کردار، سوچ اور رویوں کی بنیاد بھی والدین کی پرورش ہی ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں والدین کے احترام، حقوق اور ذمہ داریوں کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے یہ دن عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔