Live Updates

’سیاست چھوڑدیں سیاست ہمیں کرنے دیں‘ صدر زرداری کی کرکٹ ٹیم سے گفتگو

ہم جیلوں میں جا سکتے ہیں ہماری طرح کے لوگ 14 سال جیل کاٹ سکتے ہیں لیکن آپ لوگ نہیں؛ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کے دوران بات چیت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 جون 2025 13:32

’سیاست چھوڑدیں سیاست ہمیں کرنے دیں‘ صدر زرداری کی کرکٹ ٹیم سے گفتگو
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون 2025ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کو ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، اس موقع پر انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، صدر مملکت نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے جذبے اور کھیل کے معیار کی تعریف کی۔

اس موقع پر صدر زرداری نے کہا کہ ہم اس نسل سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی علیحدگی کا دکھ دیکھا لیکن آج کی نسل اس درد سے ناواقف ہے، ہمیں اب مل کر ان زخموں کا مداوا کرنا ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، بنگلہ دیش آج ایک کامیاب ملک کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے اور جیسے پاکستان وسائل سے مالا مال ہے ویسے ہی ڈھاکہ بھی قدرتی نعمتوں سے نوازا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی بڑی گنجائش ہے، خاص طور پر نوجوان نسل کو قریب لانے کی ضرورت ہے، کھیل، خصوصاً کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور اس سلسلے میں مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ خطے میں ہم آہنگی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاست ہم پر چھوڑ دیں سیاست ہمیں کرنے دیں، ہم جیلوں میں جا سکتے ہیں ہماری طرح کے لوگ 14 سال جیل کاٹ سکتے ہیں لیکن آپ لوگ نہیں‘۔                            
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات