حلقہ خواتین جماعت اسلامی سوات کی سینیٹر مشتاق ،حمیرا طیبہ کی گرفتاری کی شدید مذمت

اتوار 1 جون 2025 18:25

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع سوات کی ناظمہ حسنی حفیظ نے سینیٹر مشتاق احمد خان اور ان کی اہلیہ حمیرا طیبہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور قابل نفرت عمل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے جو مظلوم اہلِ غزہ کی حمایت میں آواز بلند کرنے والے پرامن شہریوں کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

حسنی حفیظ نے بیان میں کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد کو اسلام آباد پولیس نے اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتی اور معزز خواتین کے ساتھ یہ ظلم کسی بھی حکومت کو زیب نہیں دیتا۔ ان کا صرف "قصور" یہ تھا کہ وہ مظلوم مسلمان ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی حمایت میں آواز بلند کر رہی تھیں، جو امت مسلمہ کا فرض ہے۔انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرے اور فوری طور پر سینیٹر مشتاق احمد، ان کی اہلیہ، اور دیگر گرفتار کارکنان کو رہا کرے۔