Live Updates

ایران میں انسانی سمگلرز سے 10 پاکستانی شہری بازیاب

بڑے آپریشن کے دوران بازیاب پاکستانیوں کو یورپ بھیجنے کا جھانسا دے کر یرغمال بنایا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 13:09

ایران میں انسانی سمگلرز سے 10 پاکستانی شہری بازیاب
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) ایران میں انسانی سمگلرز سے 10 پاکستانی شہریوں کو بازیاب کروالیا گیا جنہیں یورپ بھیجنے کا جھانسا دے کر یرغمال بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران میں انسانی سمگلرز کے خلاف بڑے آپریشن کے دوران 10 پاکستانی شہریوں کو بازیاب کرایا گیا ان پاکستانیوں کو انسانی سمگلروں نے یورپ لے کر جانے کا جھانسہ دے کر یرغمال بنا لیا تھا، ایرانی حکام کی جانب سے عمل میں لائی جانے والی کارروائی کے بعد تمام بازیاب افراد کو پاکستانی سفارتخانے کی تحویل میں دے دیا گیا۔

ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے اس پر مقامی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پاکستانیوں کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور انہیں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم انسانی سمگلنگ ایک سنگین مسئلہ ہے اور پاکستانی شہریوں کو چاہیئے وہ کسی بھی غیر قانونی یا مشکوک پیشکش کا شکار نہ ہوں، جعلی ایجنٹوں اور اسمگلرز کے جھانسے میں آ کر اپنی جان اور مستقبل خطرے میں نہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سےملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان زائرین کی سہولت، سرحدی سیکیورٹی، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سمیت متعدد امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے زائرین کی آمد و رفت کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے فضائی پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ بحری راستے سے بھی زائرین کو ایران اور عراق منتقل کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں اربعین اور محرم کے ایام میں پاکستان اور ایران کا سرحدی راستہ 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس موقع پر محسن نقوی نے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے تحفظ اور آرام کے لیے دو طرفہ اقدامات نہایت اہم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام سے زائرین سے متعلق مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن ہوسکے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بارڈر سکیورٹی مینجمنٹ، غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، اس ضمن میں بارڈر پر کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات کے دوران ایرانی ہم منصب نے پاکستان میں زیر حراست ایرانی ماہی گیروں کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات