Live Updates

سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 380 عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیںِ، وزارت مذہبی امور

پیر 2 جون 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 380 عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیںِ، رواں برس نجی اور سرکاری سکیموں کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار 391 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری سکیم کے پاکستانی عازمین کو حجاز مقدس میں قیام کے دوران ہر روز ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا 34 ریال میں فراہم کیا جا رہا ہے، عازمین حج سے کھانے کی مد میں فی کس 1360 ریال وصول کئے گئے ہیں، مکہ مکرمہ میں 22 اور مدینہ منور میں 13 کمپنیاں پاکستانی عازمین کو کھانا فراہم کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین کو اوپن مارکیٹ سے سستا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، نجی حج سکیم کے تحت عازمین کی تعداد 27 ہزار 11 ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 تھا جس میں سے 63 ہزار 830 نجی سکیم کے عازمین فریضہ حج سے محروم رہ گئے، کوٹہ استعمال کئے جانے کا تناسب 64.39 فیصد ہے، حاجیوں کو عید کے موقع پر مینیو کے مطابق دیسی کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ہر کھانے کے ساتھ عازمین کو پانی، جوس یا لسی کے علاوہ پھل بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ طویل دورانیہ کا حج 40 سے 46 روز اور کم دورانیہ کا حج 22 سے 25 دنوں کا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات