Live Updates

فیصل آباد چیمبر کی کی جانب سے حالیہ بھارتی حملے کا کامیابی سے جواب دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کو خراج تحسین

پیر 2 جون 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے حالیہ بھارتی حملے کا کامیابی سے جواب دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر ریحان نسیم بھراڑہ کی زیر صدارت ہوا جس میں ایگزیکٹو ممبر حاجی محمد عطاء اللہ نے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دینے اور کامیاب جوابی حملوں میں بھارت کے پانچ طیاروں کے علاوہ ان کے فوجی ٹھکانوں کو تباہ کرنے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہنے کیلئے قرار داد پیش کی۔

(جاری ہے)

جس کو ہاؤس نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جراتمندانہ قیادت اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حربی صلاحیتوں نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے والوں کو پسپا ہونے پرمجبور کر دیا اور اور اب آئندہ دشمن پاکستان پر حملہ کرنے سے قبل سو مرتبہ سوچے گا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بری، فضائی اور بحری افواج وطن عزیز کی جغرافیاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عددی برتری کے باوجود بھارت پاکستان کو ڈرا دھمکا نہیں سکتا۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں اپنی سلامتی اور خود مختاری کا تحفظ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات