Live Updates

آئندہ ماہ وفاقی پیکج سے سندھ کے شہروں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا،ڈاکٹر فاروق ستار

منگل 3 جون 2025 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ وفاقی پیکج سے سندھ کے شہروں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا۔جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور مختلف ٹاؤنز کے ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تحریک کی تنظیمی ساخت کو مضبوط اور مربوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ہم سب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے نہ صرف تنظیمی امور کو بہتر انداز میں سرانجام دیں بلکہ عوامی سطح پر رابطہ مہم کو تیز کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ٹاؤنز کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ یوسی کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور باقاعدگی سے کارکردگی رپورٹس مرکز پر جمع کروائیں ۔ اس موقع پر سینئرمرکزی رہنماء سید امین الحق، سی او سی انچارج فرقان اطیب، مرکزی رہنما ارشاد ظفیر، سید شکیل احمد، ارشد حسن، شریف خان اور مسعود محمود بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات