اسلام آباد میں 17 سالہ معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل، مقدمہ درج کرلیا گیا

منگل 3 جون 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا، پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی)کی دفعہ 302(ارادی قتل)کے تحت درج کیا گیا ہے۔

17سالہ ٹک ٹاکر اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے مشہور تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکانٹ پر تقریبا 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام اکانٹ پر تقریبا 5 لاکھ فالوورز ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کی والدہ نے مقف اپنایا کہ بروز پیر 2 جون کو شام 5 بجے ایک نامعلوم مسلح شخص گھر میں داخل ہوا اور میری بیٹی کو جان سے مارنے کی نیت سے اس پر براہ راست فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں میری بیٹی ثنا یوسف کے سینے میں 2 گولیاں لگیں جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ ثنا یوسف کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ماں نے مشتبہ شخص کو اسمارٹ شکل، معتدل جسم اور قد کے طور پر بیان کیا، جو کالی شرٹ اور پینٹ میں ملبوس تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ اور ان کی نند لطیفہ شاہ، واقعے کے عینی شاہد ہیں اور اگر وہ ملزم کو ذاتی طور پر دیکھتی ہیں تو وہ اس کی شناخت کر سکتی ہیں۔

ثنا یوسف کی والدہ کے مطابق ان کا 15 سالہ بیٹا واقعے کے وقت اپر چترال میں اپنے آبائی گھر گیا ہوا تھا، جبکہ ان کی نند چند روز قبل ان کے گھر آئی ہیں۔پاکستان میں لگ بھگ ساڑھے 5 کروڑ افراد ٹک ٹاک ایپ استعمال کرتے ہیں۔سرکاری حکام حالیہ سالوں میں متعدد بار نامناسب مواد کی روک تھام نہ کرنے پر ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پابندیاں بھی عائد کر چکے ہیں، صرف 2021 میں ہی ٹک ٹاک کو 4 مرتبہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔