Live Updates

وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کی روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات

منگل 3 جون 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور وزیر مملکت سید طارق فاطمی نے روسی فیڈریشن کے دورے کے آغاز میں منگل کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ کو وزیر اعظم کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے توانائی، رابطے اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں روس کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے پاکستانی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا۔

سید طارق فاطمی نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی جس میں انہیں علاقائی کشیدگی کے خطرات سے متعلق پاکستان کے خدشات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ انہوں نے خاص طور پر بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور پانی کے بہائو میں خلل ڈالنے کی دھمکی کے سنگین مضمرات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ لاوروف نے روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اہم باہمی تعاون کے منصوبوں بشمول نئی سٹیل ملز کے قیام اور اہم رابطے کے اقدامات پر زور دیا۔

انہوں نے روس کی پاکستان کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے فریم ورک کے تحت تعلقات کو مضبوط بنانے سمیت انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے علاقائی استحکام پر اس کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے روس کی حمایت پر زور دیا۔ اجلاس کے اختتام سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ایک خط صدر ولادی میر پیوٹن کو پہنچایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات