Live Updates

بھارت کو سفارتی سطح پر بے نقاب کرنے کا مشن، طارق فاطمی کی روسی وزیر خارجہ سے ملاقات

معاون خصوصی نے صدر پیوٹن کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا خط پہنچایااورنیک خواہشات سے آگاہ کیا پانی کا بہاؤ کم کرنے اور سندھ معاہدے کی معطلی سے کشیدگی بڑھے گی،طارق فاطمی

منگل 3 جون 2025 21:00

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)بھارت کو سفارتی سطح پر بے نقاب کرنے کا مشن، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے دورہ روس کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔ملاقات میں طارق فاطمی نے صدر پیوٹن کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا خط پہنچایااورروسی وزیر خارجہ کو وزیر اعظم کی نیک خواہشات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو دوطرفہ تعاون کو وسیع کرنے کے عزم سے آگاہ کیا، ملاقات میں توانائی، روابط، تجارت پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

روسی وزیر خارجہ کو جنوبی ایشیا کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو پاکستان کا نقطہ نظر بھی پیش کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ پانی کا بہاؤ کم کرنے اور سندھ معاہدے کی معطلی سے کشیدگی بڑھے گی۔روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، سرگئی لاروف نے نیو سٹیل ملز کے قیام سمیت دیگر اہم منصوبوں پر خصوصی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگری میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، روس ایس سی او کے فریم ورک کے اندر مختلف شعبے میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات