معصوم بچوں کے لیے محفوظ دنیا ہمارا فرض ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا بچوں پر جارحیت کے خلاف عالمی دن پر پیغام

بدھ 4 جون 2025 13:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے لیے محفوظ دنیا ہمارا فرض ہے۔بچوں پر جارحیت کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانیت کا تقاضہ ہے کہ ہم بچوں کو جنگ کے اثرات سے بچائیں، فلسطین میں معصوم بچوں پر جنگی مظالم انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی برادری سے فلسطین میں بچوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیر میں بچوں پر اسرائیلی اور بھارتی جارحیت فوری بند کروائے،جنگ زدہ علاقوں کے بچوں کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو تحفظ دینا حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے،بچوں کا اغواء، جنسی تشدد اور تعلیم پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت بچوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے،سندھ حکومت تعلیم، صحت اور تحفظ کے شعبوں میں بچوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،سندھ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں سے مشقت کے خلاف قانون پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے،محفوظ بچپن، روشن مستقبل، سندھ حکومت کا بچوں کے لیے وژن ہے،بچوں کو استحصال سے بچانے کے لیے والدین، اساتذہ اور معاشرے کا کردار اہم ہے۔