Live Updates

بلال بن ثاقب کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدرکے نمائندے سے ڈیجیٹل اثاثوں پر بات چیت

بدھ 4 جون 2025 20:47

بلال بن ثاقب کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدرکے نمائندے سے ڈیجیٹل اثاثوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)وزیر مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈیجیٹل اثاثوں کی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، رابرٹ ’بو‘ ہائنس سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ڈیجیٹل اثاثوں پر اسٹریٹجک صف بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں حکام نے بٹ کوائن کے انضمام، ڈی سینٹرالائزڈ انفرااسٹرکچر کے مستقبل پر گفتگو کی۔جاری بیان کے مطابق بو ہائنس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2025 میں ڈیجیٹل اثاثوں کی جدت، ریگولیشن اور ابھرتی ہوئی مالیاتی ٹیکنالوجیز سے متعلق قومی پالیسی کی تیاری کی قیادت کے لیے مقرر کیا تھا۔مئی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر بلال بن ثاقب کو وزیر مملکت کے درجے کے ساتھ بلاک چین اور کرپٹو کرنسی پر اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔

(جاری ہے)

بلال بن ثاقب اب ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک جامع، ایف اے ٹی ایف کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے، بٹ کوائن مائننگ کے اقدامات شروع کرنے اور گورننس، فنانس اور زمین کے ریکارڈز میں بلاک چین کے انضمام کی نگرانی کے ذمہ دار ہیں۔یہ ملاقات لاس ویگاس میں بٹ کوائن 2025 کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے اپنے ’اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو (ایس بی آر)‘ کے اعلان کے بعد ہوئی، جس کے نتیجے میں پاکستان ایشیا کے ان اولین ممالک میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے اپنی خودمختار اثاثہ حکمت عملی میں بٹ کوائن کو شامل کیا ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ ’میں پاکستان کو ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے گلوبل ساؤتھ میں ایک لیڈر بنتے دیکھتا ہوں، ہمارے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کے آغاز سے لے کر کرپٹو مائننگ اور اے آئی ڈیٹا زونز کے لیے قومی بنیادی ڈھانچے کے قیام تک، پاکستان ایک حقیقی فریم ورک تیار کر رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنایا جاسکے اور معیشت کو جدید بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے امریکا اور پاکستان کے درمیان ڈیجیٹل اثاثوں کی جدت، ریگولیٹری ہم آہنگی اور ابھرتی ہوئی مالیاتی ٹیکنالوجیز پر تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔بیان کے مطابق انہوں نے ایسے اختراعی ماحولیاتی نظام کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جو نوجوانوں کو بااختیار بنائیں اور بلاک چین کے ذریعے اقتصادی شمولیت کو فروغ دیں۔

بلال بن ثاقب نے وائٹ ہاؤس کونسل کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔پاکستان کی وسیع تر کرپٹو حکمت عملی میں بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی سے چلنے والے ڈیٹا زونز کو توانائی فراہم کرنے کے لیے 2 گیگاواٹ بجلی مختص کرنا شامل ہے۔معروف امریکی اقتصادی جریدہ فوربز کے مطابق بلال بن ثاقب، جو جریدے کی ’30 انڈر 30‘ کی فہرست کا حصہ ہیں، وہ طیبہ کے شریک بانی بھی ہیں، جسے فوربز نے ’ایک ایسا سماجی ادارہ قرار دیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں پانی کے بحران کا حل فراہم کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلال بن ثاقب نے 2023 میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے ساتھ شراکت داری پر ایم بی ای کا اعزاز حاصل کیا۔ایم بی ای، یعنی ’میمبر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘، اٴْن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے نمایاں کارنامے انجام دیے ہوں یا کسی کمیونٹی کی طویل مدت تک خدمت کی ہو۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات