Live Updates

ماحولیاتی تحفظ ہمارا قومی، سماجی اور اخلاقی فریضہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسیاں اور اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، اسپیکرسردار ایازصادق

بدھ 4 جون 2025 21:47

ماحولیاتی تحفظ ہمارا قومی، سماجی اور اخلاقی فریضہ ہے، اسپیکر قومی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول کی فراہمی آئندہ نسلوں کا بنیادی حق ہے اور ماحولیاتی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ صرف 0.5 فیصد ہے، لیکن یہ ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، جو ہر سال اقوام متحدہ کے تحت 5 جون کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ، بارشوں کے غیر متوقع نظام، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلاؤ، اور سیلاب پاکستان کے ماحول پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں، جن سے نہ صرف معیشت متاثر ہو رہی ہے بلکہ انسانی زندگی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی انحطاط پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے اگر اس ضمن میں فوری اور مربوط اقدامات نہ کیے گئے ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مزید نقصانات اٹھانا پڑ سکتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ماحولیات سے متعلق آگاہی اور قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلقہ پارلیمانی کمیٹیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں اور ملک بھر میں شجرکاری، پانی کے وسائل کے تحفظ، فضائی آلودگی کے انسداد اور ماحولیاتی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان کی پارلیمان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے لیے مؤثر قانون سازی اور پالیسیوں کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کلائمٹ چینج ایکٹ 2017 کی منظوری اور پیرس ماحولیاتی معاہدے 2015 کی توثیق اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔اس حوالے سے، اسپیکر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان کی معاونت کرے، جو کہ عالمی کاربن اخراج میں معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود ماحولیاتی آفات کا سب سے زیادہ نشانہ بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی انصاف کا تقاضا ہے کہ سب مل کر مساوی انداز میں اقدامات کریں تاکہ سب کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی نہ صرف انسانی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع، زرعی پیداوار اور ملکی معیشت کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کا تحفظ صرف حکومت یا اداروں کا کام نہیں بلکہ ہر شہری کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست رویے اپنائیں اور زمین کو محفوظ بنانے کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیں-
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات