Live Updates

حکومت ڈاکٹر عبد القدیر کا مقام و مرتبہ بحال کرے، رضا ربانی

مشرف حکومت کی طرف سے ڈاکٹر قدیر پر فردِ جرم عائد کرنا شرمناک ،حکومت موقف واپس لے، بیان

بدھ 4 جون 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کو ڈاکٹر عبدالقدیر کا مقام و مرتبہ بحال کرنا چاہیے۔ جاری بیان میںرضا ربانی نے کہا کہ تاریخ کومسخ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہی قوم کی تشکیل کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ذوالفقار علی بھٹو کی خفیہ سفارت کاری اور کاوشوں کا نتیجہ تھا کہ جوہری پروگرام کا خاکہ وجود میں آیا، یہ ذوالفقارعلی بھٹو کی کوششیں تھیں جن کے نتیجے میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کی سربراہی میں ٹیم تشکیل پائی۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر مشرف حکومت کی طرف سے فردِ جرم عائد کرنا شرمناک ہے، حکومت کو اپناسابق موقف واپس لینا ،ڈاکٹر عبد القدیر کا مقام و مرتبہ بحال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ جس شخص نے جوہری پروگرام کا خواب دیکھا اسے عدلیہ کے ذریعے بین الاقوامی سازش کے تحت قتل کیا گیا۔رضا ربانی نے کہا کہ جس شخص نے اس خواب کو عملی جامہ پہنایا، اسے ایک ڈکٹیٹر نے بین الاقوامی دبائو پر رسوا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام شہید بینظیر بھٹو نے شروع کیا اور اسے پروان چڑھایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات