ڈی آئی خان، درابن دوماندہ ہائی وے سے نجی کمپنی کے 11 ملازمین کو اغواکرلیا گیا، 6 ملازمین بازیاب

تین گاڑیوں میں سوار 16 ملازمین اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں اغوا کاروں نے دو گاڑیوں کو روک لیا اور ان میں سوار 11 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 5 جون 2025 11:12

ڈی آئی خان، درابن دوماندہ ہائی وے سے نجی کمپنی کے 11 ملازمین کو اغواکرلیا ..
ڈی آئی خان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 جون 2025)ڈی آئی خان میں درابن دوماندہ ہائی وے سے نجی کمپنی کے 11 ملازمین کو اغواکرلیا گیا،6 ملازمین کو بازیاب کروالیا گیا، سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق تین گاڑیوں میں سوار 16 ملازمین اسلام آباد سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ راستے میں اغوا کاروں نے دو گاڑیوں کو روک لیا اور ان میں سوار 11 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تعاقب کے دوران چھ ملازمین کو بازیاب کرا لیا تاہم پانچ افراد تاحال لاپتا ہیں۔اغواءکی اطلاع پر کلاچی اور درابن میں بڑے پیمانے پرآپریشن کیا گیا اس دوران پولیس اوراغواء کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اغوا ءکاروں کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں کہ وہ مغویوں کو کہاں لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مغوی ملازمین کی بازیابی کیلئے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور بازیابی کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او سجاداحمدصاحبزادہ نے کہا کہ مغوی جلد بحفاظت بازیاب کرالیں گے۔ اسی طرح گھوٹکی کے علاقے رونتی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دو مغوی بھائیوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

بازیاب کرائے گئے دونوں بھائی پچیس روز قبل سرحد کے علاقے میں مچھلی فارم سے اغوا کئے گئے تھے۔دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عمران وزیرکو رہاکردیا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹرایگریکلچر جنوبی وزیرستان اپرعمران وزیر کو چند روز قبل ضلع ٹانک سےنامعلوم مسلح افراد نےاغواء کیا تھا ان کی بحفاظت رہائی محکمہ زراعت اورعمران وزیر کے اہل خانہ کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔

عمران وزیر کی باحفاظت رہائی پر اہل خانہ کا خوشی کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جیکب آباد میں ڈاکووں نے سوئی گیس کے 3 ملازمین کو اغوا کر لیا گیا تھا۔پولیس ۔حکام کا کہنا تھا کہ ملازمین گیس کا وال چیک کرنے کیلئے گئے تھے جہاں ڈاکوﺅں نے انھیں یرغمال بنا لیا تھا جن میں زاہدحسین ابڑو، انجینئر عبدالقیوم، گارڈ اصغر نوناری شامل تھے۔