بھارت پرمزید ٹیرف عائد ہونے پر کانگریس کی مودی حکومت پر پھر شدید تنقید

مودی کے دوست ٹرمپ نے بھارت پر 50فیصد ٹیرف لگا دیا جبکہ وہ ٹرمپ کا نام بھی نہیں لیتا، مودی کی خاموشی کمزور وزیراعظم کی نشانی ہے۔ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 اگست 2025 22:40

بھارت پرمزید ٹیرف عائد ہونے پر کانگریس کی مودی حکومت پر پھر شدید تنقید
نئی دہلی( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 اگست 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید ٹیرف لگانے پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت پر پھر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کچھ ہمت دکھاؤ اور ٹرمپ کو جواب دو ۔ کانگریس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مودی کے دوست ٹرمپ نے بھارت پر 50فیصد ٹیرف لگا دیا ہے، ٹرمپ بھارت کے خلاف مستقل اقدامات کررہے ہیں جبکہ وزیراعظم مودی ٹرمپ کا نام بھی نہیں لیتے۔

کانگریس نے کہا کہ مودی کچھ ہمت دکھاؤ اور ٹرمپ کو جواب دو۔ ملک کی بے عزتی ہورہی ہے جبکہ مودی خاموش ہیں، یہ ایک کمزور وزیراعظم کی نشانی ہے۔ یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے درآمدات پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ،جس کے بعد بھارت پر مجوعی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے خبر دی کہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری ایگزیکٹو آرڈر کے تحت بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے۔

 
گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت سے درآمدات پر موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو اگلے 24 گھنٹوں میں نمایاں طور پر بڑھا دیں گے کیونکہ نئی دہلی نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھی ہوئی ہے۔ٹرمپ نے سی این بی سی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت ایک اچھا تجارتی پارٹنر نہیں رہا، اس لیے ہم نے 25 فیصد ٹیرف لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن میں اگلے 24 گھنٹوں میں اس میں بہت زیادہ اضافہ کرنے جا رہا ہوں کیونکہ وہ روسی تیل خرید رہا ہے۔قبل ازیں 30 جولائی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ روس سے مسلسل فوجی ساز و سامان اور تیل کی خریداری پر بھارت پر جرمانہ بھی عائد کر دیا تھا۔