Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کون سے آئین قانون اور کارکردگی کی بات کررہی ہیں؟

یہ لوگ فارم 47پر بیٹھے ہیں ان کو کہا گیا کہ پروٹوکول انجوائے کریں، جبکہ حکومتی انتظامیہ کو کوئی اورکنٹرول کرتا ہے۔ رہنماء پی ٹی آئی عمرایوب کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 اگست 2025 22:24

وزیراعلیٰ پنجاب کون سے آئین قانون اور کارکردگی کی بات کررہی ہیں؟
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 اگست 2025ء ) پی ٹی آئی کے رہنماء عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کون سے آئین قانون اور کارکردگی کی بات کررہی ہیں؟ یہ لوگ فارم 47پر بیٹھے ہیں ان کو کہا گیا کہ پروٹوکول انجوائے کریں، جبکہ حکومتی انتظامیہ کو کوئی اورکنٹرول کرتا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو اس لئے خط لکھا تھا کہ میں دیوار پر لکھا ہوا نظر آرہا تھا، میں چیف جسٹس کو بتا دیا تھا کہ شبلی فراز اور مجھے سزا ہونے والی ہے۔

مجھ پر مقدمات ہیں ان کی مرضی چلے تو ہم سب کو ختم کردیں اور دفن کردیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ میں دو حقائق پر جواب دوں گا، ایک بزرگ خاتون ریحانہ ڈار کو گھسیٹ کرپولیس گاڑی میں ڈالا گیا، کارکنان کے گھروں میں چھاپے پڑیں ہیں، لوگوں کواٹھایا گیا ہے، یہ سب کچھ ان کے آئی جی پنجاب نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کون سے آئین قانون کی بات کررہی ہیں، کونسی کارکردگی ہے؟ پاکستان میں اگرفری اینڈ فیئرالیکشن ہوتا تو پھر ان کو فارم 47دینے کی کیا ضرورت تھی؟پنجاب کی بیوروکریسی اور ارکان اسمبلی سے پوچھیں حکومتی انتظامیہ کو کوئی اورکنٹرول کرتا ہے، حکومت میں بیٹھے لوگوں کو کہا گیا کہ آپ کو فارم 47پر بٹھایا گیا ہے اس لئے پروٹوکول انجوائے کریں، افسران نے مجھ سے شیئر کیا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کا کہیں سے بھی اشارہ آگیا تو یہی ن لیگی ارکان اپنی وفاداری تبدیل کردیں گے۔

مزید برآں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کا راستہ اب کوئی نہیں روک سکتا،گزشتہ روزملک بھر میں عوام کے سمندر کو سڑکوں پر دیکھ کر جعلی وفاقی حکومت کی ٹانگیں کانپ گئیں،تمام تر فسطائیت کے باوجود پی ٹی آئی نے کامیاب اور پرامن احتجاج ریکارڈ کرایا اورپنجاب میں گرفتاریوں کے باوجود عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے تمام اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہوگئے ہیں اورلاہوریوں نے شریف خاندان کو ان کا اصل سیاسی چہرہ دکھاتے ہوئے شریف خاندان پر ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ اس کا سیاسی مستقبل صرف فارم 47 سے جڑا ہواہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات